نیپرا میں 7 آئی پی پیز کے ٹیرف پر نظرثانی کی دخواستوں پر سماعت مکمل ہوگئی، منظوری کی صورت میں صارفین کو 50 پیسے فی یونٹ ریلیف ملے گا، مجموعی طور پر 920 ارب روپے کی بچت ہوگی۔
نیشنل الیکٹرک اینڈ پاور ریگولیٹری اتھارٹی (نیپرا) میں 7 آئی پی پیز اور سی پی پی اے کی درخواست پر سماعت ہوئی، درخواست بجلی کی پیداواری لاگت میں کمی کیلئے دی گئی تھی۔
درخواست 2002ء کی پاور پالیسی کے تحت لگنے والے 7 آئی پی پیز کے مالکان نے جمع کرائی تھی جس میں نشاط چونیاں پاور، نشاط پاور، نارووال انرجی لمیٹڈ، لبرٹی پاورٹیک لمیٹڈ، اینگرو پاور جن قادرپور لمیٹڈ، سیفائر الیکڑک پاور لمیٹڈ اور سیف پاور لمیٹڈ شامل ہیں۔
سماعت کے دوران روپے اور ڈالر کی قدر کے فرق کا طریقۂ کار، ٹیک اینڈ پے سسٹم کے تحت ادائیگیوں کے طریقۂ کار اور انشورنس کیپ کا معاملہ زیر غور آیا۔
سینٹرل پاور پرچیزنگ ایجنسی (سی پی پی اے) نے بتایا کہ ان آئی پی پیز اور سی پی پی اے کے درمیان معاملات طے پاچکے ہیں۔ آئی پی پی نے 11 ارب روپے سے زیادہ لیٹ پیمنٹ سرچارجز معاف کردئیے۔
سی پی پی اے نے بتایا کہ یہ 7 آئی پی پیز 2002ء پالیسی کے تحت لگے، ان آئی پی پیز سے بات چیت کے نتیجے میں 50 پیسے فی یونٹ کمی آئے گی۔ نیپرا نے سماعت مکمل کرلی جبکہ فیصلہ بعد میں جاری کیا جائے گا۔