لاہور ہائیکورٹ راولپنڈی بینچ نے سربراہ عوامی مسلم لیگ ( اے ایم ایل ) اور سابق وفاقی وزیر شیخ رشید احمد کی رہائش گاہ لال حویلی کو ڈی سیل کرنے کا حکم جاری کر دیا ہے۔
لاہور ہائیکورٹ راولپنڈی بینچ کے جسٹس مرزا وقاص رؤف نے لال حویلی سے متعلق کیس کی سماعت کی جبکہ سابق وفاقی وزیر شیخ رشید احمد کے وکلا سردار عبد الرزاق اور سردار شہباز کی جانب سے کیس کی پیروی کی گئی۔
عدالت کی جانب سے متروکہ وقف املاک بورڈ کو لال حویلی سے متعلق کیس دوبارہ سننے کی ہدایت کی گئی۔
عدالت کی جانب سے ہدایت کی گئی کہ شیخ رشید اور ان کے بھائی شیخ صدیق کی جانب سے دائر درخواست کو دوبارہ سُنا جائے اور درخواست گزار کو اپنا موقف پیش کرنے کا پورا پوار موقع دیا جائے۔
عدالتی حکم نامے میں کہا گیا کہ بھارت میں قانون بن گیا وہاں متروکہ وقف املاک کا مسئلہ ہمیشہ کیلئے ختم ہوگیا لیکن ہمارے ہاں محکمے قانون کے مطابق نہیں چلتے جب مرضی ہو سرگرم ہوجاتے ہیں۔
تازہ ترین خبروں اور تجزیوں کیلئے دیکھتے رہیں سماء نیوز لائیو