پاکستانی شوبز انڈسٹری کی معروف اداکارہ حرا مانی نے حال ہی میں ایک نجی میگزین کو دیے گئے انٹرویو میں اپنے کھانے کی عجیب و غریب عادت کا ذکر کر کے سب کو حیران کر دیا اور بتایا کہ وہ بریانی میں زردہ اور فروٹ چاٹ ملا کر کھاتی ہیں جسے سن کر ان کے مداحوں سمیت میزبان بھی دنگ رہ گئے۔
حرا مانی نے کہا کہ انہیں میٹھا بہت پسند ہے اسی لیے وہ بریانی میں زردہ مکس کرتی ہیں اور فروٹ چاٹ ڈال کر مزے سے کھاتی ہیں۔
انہوں نے مزید انکشاف کیا کہ ان کے شوہر سلمان ثاقب شیخ عرف مانی بھی اس انوکھی ترکیب پر حیرت زدہ ہو جاتے ہیں، جب میں مانی کو چمچہ آگے بڑھاتی ہوں تو وہ کہتے ہیں کہ تم یہ کیسے کر لیتی ہو اور مجھے بھی کھانے کو کہتی ہو؟۔
انٹرویو کے دوران میزبان نے حیرانی سے پوچھا کہ آپ کراچی سے ہیں پھر بریانی میں فروٹ چاٹ کیسے مکس کر لیتی ہیں؟، اس کے جواب میں حرا نے ہنستے ہوئے کہا کہ میٹھے سے محبت ہی اس کی وجہ ہے۔
اس انکشاف کے بعد سوشل میڈیا پر حرا مانی کے شائقین اور ناقدین کی جانب سے ملے جلے ردعمل سامنے آئے اور کچھ صارفین نے ان کے منفرد ذائقے کی تعریف کی جبکہ دیگر نے مزاحیہ اور طنزیہ تبصرے کیے۔