اسٹیٹ بینک آف پاکستان (ایس بی پی) نے عیدالفطر کے موقع پر 3 روزہ تعطیلات کا اعلان کردیا، ہفتہ اتوار تعطیل کے ساتھ ملازمین کو 5 دن کی چھٹی ملے گی۔
اسٹیٹ بینک آف پاکستان کی جانب سے جاری اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ عیدالفطر کے موقع پر عام تعطیل کی وجہ سے اسٹیٹ بینک آف پاکستان 31 مارچ سے 2 اپریل 2025ء (پیر تا بدھ) تک بند رہے گا۔
واضح رہے کہ وفاقی حکومت نے عیدالفطر پر دفاتر میں تین دن کی تعطیلات کا اعلان کیا تھا۔
کابینہ سیکریٹریٹ کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق وزیراعظم نے عید الفطر کے موقع پر 31 مارچ سے 2 اپریل (پیر سے بدھ) تک عام تعطیل کا اعلان کیا ہے۔
اس سال عید الفطر 31 مارچ یا یکم اپریل کو ہونے کا امکان ہے جس کا انحصار چاند نظر آنے پر ہے تاہم ماہرین کی جانب سے پیش گوئی کی گئی ہے کہ عید الفطر 31 مارچ پیر کو ہوگی۔