رواں مالی سال کے پہلے آٹھ ماہ میں خوراک کی برآمدات میں 4.17 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا، مجموعی حجم 5 ارب 17 کروڑ ڈالر رہا۔
ادارہ شماریات کے مطابق جولائی سے فروری کے دوران غذائی اشیاء کی برآمدات کا حجم 5 ارب 17 کروڑ ڈالر رہا، گزشتہ سال کی نسبت فوڈ ایکسپورٹ میں 20 کروڑ 29 لاکھ ڈالر کا اضافہ ہوا، باسمتی چاول کی برآمدات میں 11.23 فیصد اضافہ ہوا اور مجموعی حجم 60 کروڑ ڈالر تک پہنچ گیا۔
رپورٹ کے مطابق آٹھ ماہ میں مجموعی طور پر 2 ارب 48 کروڑ ڈالر کے چاول برآمد کیے گئے، پاکستان نے جولائی سے فروری کے دوران 40 کروڑ 69 لاکھ ڈالر مالیت کی چینی برآمد کی، گزشتہ سال کے مقابلے میں چینی کی برآمدات میں 1831 فیصد نمایاں اضافہ ہوا۔
ادارہ شماریات کی رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ مچھلی کی برآمدات میں 0.75 فیصد اضافہ ہوا جو 26 کروڑ 35 لاکھ ڈالر رہی، تمباکو کی برآمدات میں 106 فیصد اضافہ ہوا اور مجموعی حجم 12 کروڑ 48 لاکھ ڈالر تک پہنچ گیا۔
رپورٹ کے مطابق پھلوں، سبزیوں، دالوں، مصالحہ جات اور آئل سیڈز کی برآمدات میں کمی ریکارڈ کی گئی۔