پارلیمانی سیکرٹری گل اصغر نے قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے مواصلات کو بتایا کہ وفاقی وزیر عبدالعلیم خان نے ٹول پلازوں کی آن لائن بولی کی ہدایت کردی ہے۔ ٹول کلیکشن کا نظام بہتر بنانے سے بارہ ارب روپے کا ریونیو آیا۔ کمیٹی نے شکار پور تا کشمور سیکشن کی عدم تعمیر پر متعلقہ کنٹرکٹر کو طلب کر لیا ۔۔ پاکستان پوسٹ کے حکام نے بتایا کہ ڈیجیٹلائزیشن کا منصوبہ دوہزار چھبیس میں مکمل کرلیا جائے گا۔
اعجاز جاکھرانی کی زیر صدارت قائمہ کمیٹی کے اجلاس میں ارکان نے کہا کہ ٹول پلازے من پسند افراد کو دیئے جاتے ہیں۔ این ایچ اے ٹول پلازے ڈیلی ویجز پر چلاتا رہتا ہے۔ پارلیمانی سیکرٹری گل اصغر نے کہا وفاقی وزیر مواصلات عبدالعلیم خان نے ٹول پلازوں کی آن لائن بولی کی ہدایت کردی ہے۔ ٹول کلیکشن کا نظام بہتر بنانے سے بارہ ارب روپے کا ریونیو آیا۔ سیکرٹری وزارت منصوبہ بندی نے بتایا کہ
ابھی تک وزارتوں کی طرف سے آئندہ مالی سال کے بجٹ کیلئے نئی اسکیمیں نہیں ملیں۔ این ایچ اے کی جاری اسکیموں پر دو اعشاریہ چار ٹریلین درکار ہیں۔ سکھر حیدر آباد روڈ کی فنانسنگ کا بڑا ایشو ہے۔ آذر بائیجان سے دو ارب ڈالر فنانسنگ کی توقع ہے۔ وزارت خزانہ کی اجازت پر ہی پی ایس ڈی پی کا حجم طے ہوگا۔ قائمہ کمیٹی نے شکار پور تا کشمور سیکشن کی عدم تعمیر پر متعلقہ کنٹرکٹر کو طلب کر لیا ۔
سیکشن تعمیر نہ ہونے کی وجوہات پر رپورٹ بھی مانگ لی۔ پاکستان پوسٹ کے حکام نے بتایا کہ پاکستان پوسٹ کے آپریشنز ڈیجیٹلائز کرنے کا منصوبہ پی ایس ڈی پی میں رکھا ہے۔ منصوبے کیلئے ایگزم بینک دو کروڑ ڈالر قرض دے گا ۔ ڈیجیٹلائزیشن منصوبہ دوہزار چھبیس میں مکمل کرلیا جائے گا۔ پارلیمانی سیکرٹری گل اصغر خان نے کہا اس منصوبے سے پوسٹ آفس کا خسارہ کم ہوگا۔