پاکستان کے فاسٹ بولر حارث رؤف نے کہا ہے کہ پاکستان میں تنقید اب روزمرہ کا معمول بن چکی ہے، اگر نوجوان کھلاڑیوں کو موقع دیا گیا ہے تو انہیں مکمل اعتماد اور وقت دینا ضروری ہے۔
نیوزی لینڈ کے خلاف ڈونیڈن میں دوسرے ٹی ٹوئنٹی میچ میں شکست کے بعد پریس کانفرنس کرتے ہوئے فاسٹ بولر حارث رؤف نے کہا کہ پاکستانی ٹیم پر تنقید عام سی بات ہوگئی ہے اور ملک میں ہر شخص اپنی مرضی سے کچھ بھی کہہ رہا ہے۔
حارث رؤف نے تسلیم کیا کہ پاکستانی کرکٹ کا معیار گرا ہے لیکن انہوں نے زور دیا کہ نوجوان کھلاڑیوں پر بھروسہ کیا جائے تو نتائج بہتر ہو سکتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ جب دنیا کے فاسٹ بولرز پاکستان آتے ہیں تو وہ حیران ہوتے ہیں کہ یہاں کیسے بولنگ کی جاتی ہے جس پر ہم انہیں کہتے ہیں کہ بس کوشش کرتے رہو۔
انہوں نے میچ کے بارے میں بات کرتے ہوئے کہا کہ نیوزی لینڈ نے شاندار کھیل پیش کیا جبکہ پاکستانی بولرز اچھی کارکردگی نہ دکھا سکے۔
کیوی بیٹرز کے کچھ شاٹس میں پاکستانی بولرز بدقسمت رہے جہاں ٹاپ ایجز بھی چھکوں میں تبدیل ہوگئے جبکہ انہوں نے ہوا اور چھوٹے گراؤنڈ کو بھی اس کی وجہ قرار دیا۔
حارث نے مزید کہا کہ بولنگ یونٹ نے کوشش کی لیکن نتائج حق میں نہ آئے۔
انہوں نے یہ تاثر مسترد کیا کہ پاکستانی فاسٹ بولرز ایشیا کی پچز پر مشکل میں ہوتے ہیں کیونکہ دنیا کے ہر فاسٹ بولر کو ایشیا میں چیلنجز کا سامنا ہوتا ہے۔