سابق آسٹریلوی کرکٹر ڈیوڈ وارنر اب بھارتی سنیما میں قدم رکھنے جا رہے ہیں اور ان کی پہلی تیلگو فلم "روبن ہڈ" 28 مارچ 2025 کو ریلیز ہونے کے لیے تیار ہے۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق ڈیوڈ وارنر نے اس فلم میں ایک مختصر مگر اہم کردار ادا کیا ہے جو ان کے مداحوں کے لیے ایک دلچسپ لمحہ ہوگا۔
ڈیوڈ وارنر جو کرکٹ کی دنیا میں اپنی شاندار کامیابیوں کے لیے جانے جاتے ہیں نے حال ہی میں سوشل میڈیا پر فلم کا پوسٹر شیئر کرتے ہوئے اپنے بھارتی سنیما میں ڈیبیو کا اعلان کیا تھا۔
انہوں نے لکھا کہ میں بھارتی سنیما میں آرہا ہوں! 'روبن ہڈ' فلم کا حصہ بننا میرے لیے ایک پرجوش تجربہ رہا اور اس میں کام کرکے بہت مزہ آیا جبکہ انہوں نے فلم کی ریلیز کی تاریخ 28 مارچ کا بھی ذکر کیا۔
View this post on Instagram
فلم "روبن ہڈ" میں مرکزی کردار نیتھن اور سری لیلا نے ادا کیے ہیں جبکہ وارنر کا مختصر کردار فلم میں ایک خاص رنگ بھرے گا۔
واضح رہے کہ ڈیوڈ وارنر بھارت میں انڈین پریمیئر لیگ (آئی پی ایل) کی بدولت کافی مقبول ہیں اور اس کے علاوہ، ان کے تامل گانوں پر بنائی گئی ٹک ٹاک ڈانس ویڈیوز بھی سوشل میڈیا پر خوب وائرل ہوئی تھیں جس سے ان کی بھارتی مداحوں میں مقبولیت میں مزید اضافہ ہوا۔