سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے آئی ٹی کل اپنے اجلاس میں اربوں روپے کے ورچوئل پروڈکشن اسٹوڈیو منصوبے میں تاخیر اور بولی میں شفافیت کے معاملے پر غور کریگی۔ بولی میں شریک کمپنی کو کس بنیاد پر کتنے نمبر دیئے گئے؟ اگنائٹ حکام سارا ریکارڈ کمیٹی میں پیش کریں گے۔
سماء کی خبر پر قائمہ کمیٹی نے گزشتہ اجلاس میں بولی کا عمل روکنے کا حکم دیا تھا، کل سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے آئی ٹی اور ٹیلی کام کے اجلاس کی صدارت چیئرپرسن پلوشہ خان کریں گی۔
قائمہ کمیٹی نے اگنائیٹ سے وی پی ایس منصوبے کی بولی کا تمام ریکارڈ طلب کر رکھا ہے، اگنائیٹ کے چیف ایگزیکٹو منصوبے سے متعلق کمیٹی کے سوالات کے جواب دیں گے، جوابات کی روشنی میں قائمہ کمیٹی منصوبے کی بولی کی شفافیت سے متعلق فیصلہ کرے گی۔
کمیٹی اجلاس میں افنان اللہ خان کا پرسنل ڈیٹا پروٹیکشن بل 2023ء بھی زیرغور آئے گا۔ سیکریٹری آئی ٹی اور چیئرمین پی ٹی اے، ایل ڈی آئی لائسنسوں کی تجدید پر بریفنگ دیں گے۔ چیئرمین پی ٹی اے اور وزارت آئی ٹی کے ساتھ دیگر متعلقہ حکام بھی اجلاس میں شریک ہوں گے۔