قومی ٹی 20 ٹیم کے کپتان سلمان علی آغا نے کہا ہے کہ ہماری ٹیم نوجوانوں پر مشتمل ہے، ہم جیتنے آئے ہیں، صائم اور فخر کی کمی محسوس ہوگی، ایشیاء کپ اور ورلڈ کپ ہمارا ہدف ہے، اس کی تیاری کررہے ہیں۔ بیٹنگ کوچ محمد یوسف کا کہنا ہے کہ جو چاروں طرف کھیل سکتا ہے وہی آج کل اچھا پلیئر ہے۔
پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان 5 میچوں کی سیریز کا پہلا ٹی 20 میچ اتوار کو کھیلا جائے گا، دونوں ٹیمیں جیت کیلئے پر امید ہیں۔
پاکستانی کپتان سلمان علی آغا نے پریس کانفرنس میں کہا کہ ہم نے فینز کی توقعات کے مطابق کرکٹ نہیں کھیلی، فینز ہم سے خوش نہیں ہیں، ہماری ٹیم نوجوانوں پر مشتمل ہے، ہم جیتنے آئے ہیں۔
ان کا کہنا ہے کہ وکٹ گرین لگ رہی ہے لیکن اسپنرز کو بھی مدد ملے گی، پلیئنگ الیون کا اب تک فیصلہ نہیں کیا، حارث اور شاہین کی ٹی 20 فارم ون ڈے سے اچھی ہے، کسی بھی بولر کی پرفارمنس اوپر نیچے ہوسکتی ہے۔
سلمان علی آغا نے کہا کہ صائم ایوب اور فخر زمان کی کمی محسوس ہوگی، دونوں پلیئرز کی پاکستان کیلئے پرفارمنس ہیں، امید ہے دونوں جلد فٹ ہوکر ٹیم میں واپس آئیں گے۔
پاکستانی قائد نے کہا کہ ایشیاء کپ اور ورلڈکپ ہمارا ہدف ہے، اس کی تیاری کررہے ہیں۔
قومی ٹیم کے بیٹنگ کوچ محمد یوسف کا کہنا ہے کہ ہمارے پاس تیاری کا وقت کم ہے، جو بھی وقت ہے اس میں خود کو تیار کریں گے، مڈل اسٹمپ کی گیند کو آن سائیڈ پر کھیلنے کی ٹپس دی ہیں، جو چاروں طرف کھیل سکتا ہے وہی آج کل اچھا پلیئر ہے، جو نہیں کھیل پائے اس کو مشکل ہوتی ہے۔