اسلام آباد میں سابق وزیر اعظم راجہ پرویز اشرف سے امریکی وزیر اور قونصلر برائے سیاسی امور مسٹر زیکری وی ہارکن رائیڈر اور پولیٹیکل آفیسر مسٹر نیلسن ریمنڈ نے ملاقات کی۔ اس موقع پر بیرسٹر شاہ رخ پرویز راجہ بھی موجود تھے۔
ملاقات میں دوطرفہ تعلقات اور باہمی دلچسپی کے دیگر امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ راجہ پرویز اشرف نے اس موقع پر کہا کہ پاکستان امریکہ کے ساتھ اپنے دوستانہ تعلقات کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے اور دونوں ممالک کے درمیان دیرینہ اور مستحکم تعلقات موجود ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان امریکہ کے ساتھ دوطرفہ تعلقات کو مزید فروغ دینے کا خواہاں ہے تاکہ تعاون کے مزید مواقع پیدا کیے جا سکیں۔
راجہ پرویز اشرف نے امریکہ میں مقیم پاکستانیوں کے کردار کو بھی سراہتے ہوئے کہا کہ پاکستانی تارکین وطن امریکہ کی ترقی میں اہم کردار ادا کر رہے ہیں امریکی قونصلر برائے سیاسی امور نے سابق وزیر اعظم کے تاثرات کو سراہا اور دوطرفہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اظہار کیا۔