گورنر ہاؤس میں اتحاد رمضان پروگرام کے تحت 13 ویں افطار و ڈنر کے موقع پر گورنر سندھ کامران ٹیسوری نے کہا کہ گورنر ہاؤس آئی ٹی پروگرام میں طلبہ 5 سے 10 لاکھ روپے کما رہے ہیں ، اگلے ماہ آئی ٹی پروگرام کے بچوں کو کراچی یونیورسٹی سے ڈپلومہ ڈگری بھی مل جائیگی۔
تفصیلات کے مطابق گورنر سندھ کا کہناتھا کہ شہری مجھے بتا رہے ہیں تین ہٹی مزار کے سامنے کی سڑک ٹوٹ چکی ہے، میئر کراچی مرتضی وہاب تو کہتے ہیں کراچی کی تمام سڑکیں بن چکی ہیں، میری کوشش ہوتی ہے آپ کو اس بات کا یقین دلاؤ کہ گورنر ہاؤس آپ کاہے ، یہ گورنر ہاؤس کے اصل میزبان آپ ہیں، گورنر ہاؤس کے دروازے آپ کے لئے 24 گھنٹے کھلے رہیں گے، اگر آپ کو کوئی تنگ کرے تو بول دینا گورنر آپ کا بھائی ہے۔
گورنر سندھ کا کہناتھا کہ آج کی افطار جعفر ایکسپریس کے شہدا کے نام کرتا ہوں، اللہ تمام شہدا کے درجات بلند کرے،آمین، اللہ افواج پاکستان کواتنی طاقت دے کہ ان خوارج کامقابلہ کریں، جن ممالک کی سرحدیں کمزور ہونگی انکا حال برا ہوگا، اس ماں کوخراج تحسین جو پہلے اپنے شوہراور پھر بیٹے کو فوج میں بھیجتی ہے، پاک فوج زندہ باد۔
گورنر ہاوس میں ہونے والی تقریب میں خواتین اور بچوں سمیت شہریوں کی بڑی تعداد شریک ہوئے ۔ بچوں نے گورنر سندھ کی تصویر والی ٹی شرٹ زیب تن کر رکھی تھی۔ معروف ثناء خواں ہدیہ گلہائے عقیدت پیش کر رہےہیں۔ تقریب میں کراچی پریس کلب کے صدر فاضل جمیلی اور سیکریٹری سہیل افضل بھی شریک ہوئے ۔