وفاقی وزیرخزانہ محمد اورنگزیب سے یورپی یونین کی سفیر ڈاکٹر رِینا کیونکا نے ملاقات کی جس میں جنرلائزڈ اسکیم آف پریفرنسز پلس (جی ایس پی پلس) سہولت پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
وزارت خزانہ کی جاری کردہ بیان کے مطابق دونوں فریقوں نے باہمی دلچسپی کے متعدد امور پر تبادلہ خیال کیا، خاص طور پر یورپی یونین اور پاکستان کے درمیان کاروباری اور سرمایہ کاری تعلقات کو مضبوط بنانے پر گفتگو ہوئی۔
ملاقات کے دوران محمد اورنگزیب نے پاکستان کیلئے یورپی یونین کی حمایت کو سراہا، خصوصاً جی ایس پی پلس سہولت کی اہمیت کو اجاگر کیا۔ بیان کے مطابق انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ جی ایس پی پلس پاکستان کی برآمدات پر مبنی ترقی کی کوششوں کیلئے ایک اہم معاون ثابت ہوا ہے۔
محمد اورنگزیب نے یورپی دارالحکومتوں سے مؤثر روابط بڑھانے کی ضرورت پر زور دیا تاکہ اہم امور، خصوصاً جی ایس پی پلس سہولت کے تسلسل پر تعمیری مذاکرات کیے جا سکیں جو آئندہ برسوں میں یورپی یونین کے ساتھ پاکستان کے تجارتی تعلقات کے لیے کلیدی حیثیت رکھتا ہے۔
ملاقات کے دوران محمد اورنگزیب اور یورپی یونین کی سفیر نے پاکستان میں یورپی کاروباری اداروں کے لیے مواقع پر تبادلہ خیال کیا اور اس بات پر زور دیا کہ سرمایہ کاری کے بڑھتے ہوئے رجحان سے فائدہ اٹھانے کے لیے سازگار کاروباری ماحول کی ضرورت ہے۔
ڈاکٹر رِینا کیونکا نے بتایا کہ یورپی یونین نے پاکستان میں سرگرم 300 سے زائد یورپی کمپنیوں کی نشاندہی کی ہے اور امکان ظاہر کیا کہ یہاں مزید کئی کمپنیاں بھی کام کررہی ہیں۔
یورپی یونین کی عہدیدار نے اس بات پر زور دیا کہ یورپی کمپنیاں پاکستان کو ممکنہ کاروباری مواقع کے مرکز کے طور پر دیکھ رہی ہیں۔
وزیر خزانہ نے پاکستان میں یورپی یونین کے کاروباری اداروں کی معاونت اور ان کی سرگرمیوں میں سہولت فراہم کرنے کے حکومتی عزم کو اجاگر کیا، جس میں منافع اور ڈیوڈنڈ کی بروقت واپسی یقینی بنانا بھی شامل ہے۔
محمداورنگزیب نے یورپی کمپنیوں کے لیے ایک مؤثر اور متحدہ کاروباری پلیٹ فارم کے قیام کے خیال کا خیرمقدم کیا اور پاکستان میں کام کرنے والی فرانسیسی اور ڈچ کمپنیوں کے نمائندوں سے اپنی حالیہ مثبت ملاقات کا حوالہ دیا۔