قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر عمرایوب کا کہنا ہے کہ بانی پی ٹی آئی اس لیے جیل میں ہیں کہ وہ ڈیل چاہتے ہیں نہ ڈھیل۔ وہ دن دور نہیں جب اسٹیبلشمنٹ کے لوگ خود بانی کے پاس جائیں گے۔
لاہور میں انسداد دہشتگردی عدالت کے باہر میڈیا سے گفتگو میں کہا جعفر ایکسپریس واقعہ کی بھرپور مذمت کرتے ہیں، ہمارے جوان آئے روز اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کرتے ہیں، پاک فوج کے شہداکوخراج عقیدت پیش کرتے ہیں۔ ایسے حملے سیکورٹی اداروں کی ناکامی ہیں۔
عمر ایوب نے کہا کہ میں نے پانچ چھ ماہ قبل بلوچستان سے متعلق بات کی تھی، بلوچستان کا جو سانحہ ہوا ہے اس پر دکھ ہے، اس سانحے میں شہداء کی فیملی کے ساتھ ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ایبٹ آباد کمیشن رپورٹ سامنے آنی چاہیے، کیسے ایک غیرملکی فورس ہماری ایئرسپیس کو چیرتے ہوئے آتی ہے اور آپریشن کرکے چلی جاتی ہے، اسامہ بن لادن پاکستان میں کر کیا رہے تھے؟ شریف اللہ یہاں کیسے آیا کتنی دیر سے تھا؟ ہمیں یہ چیزیں پتہ ہونی چاہئیں تاکہ ہم اپنی غلطی سے سبق سیکھیں۔
اپوزیشن لیڈر نے کہا کہ الیکشن کمیشن میں چیف غیرآئینی طور پر بیٹھاہے، خواجہ آصف کے حوالہ سے پہلے کہہ چکا ہوں کہ وہ سینسز میں نہیں رہتے۔