انٹربینک مارکیٹ میں کاروبار کے اختتام پر روپے کی قدر گر گئی، ڈالر مہنگا ہوگیا۔
ای کیپ کے مطابق انٹربینک مارکیٹ میں جمعرات کو کاروبار کا اختتام ڈالر کی قدر میں اضافے پر ہوا، روپے کے مقابلے میں ڈالر 8 پیسے مہنگ اہو کر 280 روپے 5 پیسے پر بند ہوا۔
ای کیپ کے مطابق اوپن مارکیٹ میں بھی ڈالر کی قیمت بڑھ گئی، تین پیسے اضافے سے امریکی کرنسی 281 روپے 62 پیسے پر پہنچ گیا۔
اس سے قبل کاروبار کے آغاز پر انٹربینک مارکیٹ میں روپے کی قدر میں بہتری کے بعد ڈالر 7 پیسے سستا ہوگیا تھا۔
انٹربینک مارکیٹ میں جمعرات کو کاروبار کے ابتدائی سیشن کے دوران ڈالر کے مقابلے روپے کی قدر میں 0.03 فیصد کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔
صبح کے اوقات میں ڈالر کے مقابلے میں روپیہ 7 پیسے کی بہتری سے 279.90 روپے پر آگیا۔ یاد رہے کہ بدھ کو روپیہ 279.97 پر بند ہوا تھا۔
بین الاقوامی سطح پر جمعرات کو امریکی ڈالر قدرے مستحکم ہوا، جس کی وجہ امریکی ٹریژری ییلڈز میں اضافہ تھا تاہم کرنسیاں محدود حدود میں تجارت کرتی رہیں کیونکہ سرمایہ کار بڑھتی ہوئی عالمی تجارتی جنگ کے امریکی افراط زر اور معاشی نمو پر اثرات کا تعین کرنے میں مشکلات کا شکار رہے۔
عالمی تجارتی تناؤ میں اضافہ اور امریکی کساد بازاری کے خدشات نے عالمی منڈیوں کو ہلا کر رکھ دیا ہے اور زرمبادلہ کی مارکیٹ میں شدید اتار چڑھاؤ پیدا کر دیا ہے۔
امریکی ڈالر ین کے مقابلے میں 0.05 فیصد بڑھ کر 148.31 پر پہنچ گیا، جس سے وہ رواں ہفتے کے اوائل میں ہونیوالے کچھ نقصانات سے سنبھل گیا، جب وہ جاپانی کرنسی کے مقابلے میں 5 ماہ کی کم ترین سطح پر آگیا تھا۔
بدھ کو جاری ہونے والے اعداد و شمار سے پتہ چلتا ہے کہ فروری میں امریکی افراط زر توقع سے تھوڑا کم بڑھا تھا، لیکن اس سے ملنے والا ریلیف عارضی ثابت ہوسکتا ہے، کیونکہ یہ ڈیٹا ٹرمپ کے ٹیرف کے مکمل اثرات کو ظاہر نہیں کرتا۔