بنگلادیش کے مایہ ناز آل راؤنڈر محمود اللہ نے چیمپئنز ٹرافی 2025 کے گروپ مرحلے سے ٹیم کے باہر ہونے کے بعد انٹرنیشنل کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کردیا۔
محمود اللہ نے سوشل میڈیا کے ذریعے اپنے فیصلے سے مداحوں کو آگاہ کیا اور اپنے پیغام میں اللہ کا شکر ادا کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے بین الاقوامی کرکٹ سے کنارہ کشی کا فیصلہ کیا ہے۔
انہوں نے اپنے ساتھی کھلاڑیوں، کوچز، مداحوں اور اہلِ خانہ کا شکریہ ادا کیا جنہوں نے ان کے کیریئر کے دوران ہر قدم پر ان کا ساتھ دیا۔
انہوں نے لکھا کہ میں خاص طور پر اپنے والدین، سسرال بالخصوص سسر، اور بھائی عماد اللہ کا شکر گزار ہوں جو بچپن سے میں کوچ اور رہنما رہے ہیں۔
بنگلادیشی کرکٹر نے اپنی اہلیہ اور بچوں کو بھی خراج تحسین پیش کیا جو ہر حال میں ان کے لیے مضبوط سہارا بنے اور کہا میں جانتا ہوں کہ میرا بیٹا رائد مجھے سرخ اور سبز جرسی میں یاد کرے گا۔
انہوں نے بنگلادیش کرکٹ ٹیم کے روشن مستقبل کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار بھی کیا اور لکھا ہر چیز کامل انداز میں ختم نہیں ہوتی لیکن آپ ہاں کہتے ہیں اور آگے بڑھ جاتے ہیں، الحمدللہ۔
محمود اللہ نے 2007 میں انٹرنیشنل کرکٹ میں قدم رکھا تھا اور اپنے 18 سالہ کیریئر میں 50 ٹیسٹ، 239 ون ڈے اور 141 ٹی 20 میچوں میں بنگلادیش کی نمائندگی کی، انہوں نے تمام فارمیٹس میں مجموعی طور پر 11,047 رنز اسکور کیے جن میں 9 سنچریاں اور 56 نصف سنچریاں شامل ہیں جبکہ 166 وکٹیں بھی اپنے نام کیں۔