سیہون میں اسکول پر نامعلوم افراد نے حملہ کردیا، دوران امتحان فائرنگ کی، جس سے اسکول میں بھگدڑ مچ گئی، طلبہ میں خوف و ہراس پھیل گیا، مسلح افراد نے اسکول میں موجود موٹر سائیکلوں کو بھی نقصان پہنچایا۔
سیہون میں گورنمنٹ بوائز ہائی اسکول پر نامعلوم مسلح افراد نے حملہ کردیا، اسکول میں امتحان جاری تھا، اس دوران فائرنگ کی بھی جس سے اسکول میں بھگدڑ مچ گئی، طلبہ میں خوف و ہراس پھیل گیا۔
اساتذہ کے مطابق مسلح افراد نے اسکول میں موجود موٹر سائیکلوں کو بھی نقصان پہنچایا۔
ڈی ایس پی سیہون احمد بخش راہوجو کا کہنا ہے کہ سیہون پولیس نے اسکول پہنچ کر تحقیقات شروع کردی ہے۔
اسکول ٹیچر پیر محمد رند کا کہنا ہے کہ ملزمان کا ٹیچر سے زمین کا تنازع چل رہا ہے، ملزمان نے نجی تنازع پر اسکول میں آکر خوف و ہراس پھیلایا، تمام مسلح افراد کی شناخت کرلی ہے۔
وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے سیہون کے اسکول میں فائرنگ کے واقعے کا نوٹس لے لیا، ایس ایس پی جامشوروں سے واقعے کی مکمل رپورٹ طلب کرلی۔
ایس ایس پی جامشورو نے وزیراعلیٰ سندھ کو ابتدائی تفصیلات سے آگاہ کیا۔ انہوں نے بتایا کہ اسکول میں فائرنگ کے واقعے کے 4 ملزمان کو گرفتار کرلیا گیا ہے، ملزمان سے کلاشکوف بھی برآمد کرلی گئی۔
ایس ایس پی جامشورو محمد ظفر صدیق چھانگا سیہون پہنچ گئے، جہاں انہوں نے متاثرہ اسکول کا دورہ کیا اور اساتذہ سے ملاقات کرکے واقعے سے متعلق تفصیلات حاصل کیں۔