خیبرپختونخوا کے ضلع ٹانک میں سیکیورٹی فورسز کے آپریشن کے دوران 3 خوارج ہلاک ہوگئے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ ( آئی ایس پی آر ) کی جانب سے جاری کردہ بیان کے مطابق سیکورٹی فورسز کی جانب سے خوارج کی موجودگی کی اطلاع پر ٹانک میں انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کیا گیا جس کے دوران فورسز نے خوارج کے ٹھکانے تلاش کر کے 3 دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا۔
مارے گئے خوارج سے اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد ہوا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق ہلاک دہشت گرد متعدد دہشت گردانہ کارروائیوں میں سرگرم رہے۔
بیان میں مزید کہا گیا کہ علاقے میں کسی اور خارجی کو ختم کرنے کے لیے سینیٹائزیشن آپریشن جاری ہے اور سیکیورٹی فورسز ملک سے دہشت گردی کی لعنت کو ختم کرنے کے لیے پرعزم ہیں۔
صدر مملکت کا خراج تحسین
صدر مملکت آصف زرداری نے آپریشن پر سیکورٹی فورسز کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے ان کو سراہا۔
اپنے بیان میں صدر مملکت کا کہنا تھا کہ دہشت گردی کے ناسور کے مکمل خاتمے تک دہشتگردوں کے خلاف کارروائیاں جاری رہیں گی اور پوری قوم دہشت گردی کے خلاف جنگ میں اپنی سیکیورٹی فورسز کے ساتھ کھڑی ہے۔
وزیر داخلہ کا خراج تحسین
وفاقی وزیرداخلہ محسن نے بھی سیکیورٹی فورسز کو خراج تحسین پیش کیا ہے۔
اپنے بیان میں محسن نقوی کا کہنا تھا کہ سیکیورٹی فورسز نے بروقت آپریشن کرکے 3 خوارجی دہشتگردوں کو جہنم واصل کیا، قوم کو سیکیورٹی فورسز کی پیشہ وارانہ صلاحیتوں پر ناز ہے جبکہ خوارجی دہشتگردوں کے مذموم عزائم ناکام بنانے پر سیکیورٹی فورسز کو سلام پیش کرتے ہیں۔
محسن نقوی کا کہنا تھا کہ سیکیورٹی فورسز کے قیام امن کیلئے اقدامات لائق ستائش ہیں اور قوم خوارجی دہشتگردوں کے خاتمے کیلئے سکیورٹی فورسز کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔
وزیر داخلہ کا مزید کہنا تھا کہ خوارجی دہشتگردوں کے مکمل خاتمے تک آپریشنز جاری رہیں گے۔