رانا تنویر حسین کا کہنا ہے کہ ملک بھر میں سستی چینی اسٹالز پر 130 روپے کلو چینی مل رہی ہے، چینی مہنگی ہونے کی افواہیں پھیلائی جارہی ہیں، اگلے ہفتے شوگر ملز ایسوسی ایشن کے ساتھ مل کر ایکس مل ریٹ نیچے لائیں گے۔
وزیر صنعت و پیداوار رانا تنویر حسین نے سستی چینی کے اسٹال کا دورہ کیا۔ اس موقع پر ان کا کہنا تھا کہ پورے پاکستان میں سستی چینی کے اسٹال لگائے گئے ہیں، چینی کے اسٹالز شوگر ملز ایسوسی اشن کے تعاون سے لگائے گئے ہیں، اسٹالز پر چینی 130 روپے فی کلو گرام دستیاب ہے، ایک شاختی کارڈ پر 5 کلو چینی لی جاسکتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ ملک میں چینی کے وافر ذخائر موجود ہیں، گزشتہ سال کی 5 لاکھ ٹن شامل ہے، ملک میں چینی کی سالانہ ضرورت 59 لاکھ میٹرک ٹن ہے، چینی مہنگی ہونے کی افواہیں پھیلائی جارہی ہیں، چینی کی برآمد سے 400 ملین ڈالر ملے ہیں۔
رانا تنویر کا کہنا ہے کہ شوگر ملز کیساتھ تحریری معاہدہ ہوا تھا، چینی برآمد کرنے کی اجازت دی تو 148 روپے فی کلو ایکس مل ریٹ طے ہوا تھا، ریٹیل میں اصل قیمت پر چینی کی دستیابی ضلعی انتظامیہ کی ذمہ داری ہے۔
وفاقی وزیر صنعت و پیداوار نے مزید کہا کہ اگلے ہفتے شوگر ملز ایسوسی ایشن کے ساتھ مل کر ایکس مل ریٹ نیچے لائیں گے۔