پاکستان میں رمضان المبارک آتے ہی بازاروں میں اشیائے ضروریہ کی قیمتیں آسمان سے باتیں کرنے لگیں، کراچی میں مرغی سرکاری نرخ سے 130 روپے زائد پر فروخت ہورہی ہے، لاہور اور ملتان میں بھی عوام مہنگے داموں چیزیں خریدنے پر مجبور ہیں۔
پاکستان میں رمضان المبارک آتے ہی ذخیرہ اندوز اور منافع خور سرگرم ہوگئے، روزہ داروں کو اشیائے ضروریہ سرکاری نرخ پر ملنا خواب بن گیا، عوام مہنگے داموں خریداری پر مجبور ہیں۔
نمائندہ سماء خورشید عالم کے مطابق کراچی میں مرغی کی قیمت آسمان سے باتیں کرنے لگی، سرکاری نرخ سے 130 روپے زائد پر گوشت فروخت کیا جارہا ہے۔
رپورٹ کے مطابق مرغی کا گوشت 780 سے 800 روپے کلو میں بک رہا ہے جبکہ اس کی سرکاری قیمت 650 روپے کلو مقرر ہے۔ شہریوں کا شکوہ ہے کہ سرکاری ریٹ لسٹ پر تو کوئی چیز نہیں مل رہی۔
لاہور میں بھی منڈیوں سے شہر کے بازاروں تک مہنگائی عروج پر ہے، عوام مہنگی اشیاء خریدنے پر مجبور ہیں۔ نمائندہ سماء عثمان علیم کے مطابق مجسٹریٹس کی کارروائیاں صرف زبانی جمع خرچ تک ہیں۔
رپورٹ کے مطابق مرغی کا سرکاری ریٹ 595 ہے تاہم فروخت 700 سے زائد میں ہورہی ہے، سیب کا سرکاری ریٹ 300 اور فروخت 350 روپے فی کلو ہورہا ہے۔
رپورٹ کے مطابق کیلے کا سرکاری ریٹ 270 روپے، فروخت 300 فی درجن، آلو کا سرکاری ریٹ 55 روپے، فروخت 70 روپے فی کلو، ادرک 400 روپے اور لہسن 800 روپے فی کلو میں فروخت ہورہی ہیں۔
ملتان سے نمائندہ سماء مکرم نے بتایا کہ ماہ صیام میں شوگر مافیا سرگرم ہے، 150 روپے فی کلو فروخت ہونے والی چینی اب 170 روپے میں بیچی جارہی ہے، غلہ منڈی میں 50 کلو چینی کی بوری 7 ہزار 850 روپے کی ہوگئی۔