نائب وزیراعظم اسحاق ڈار کا کہنا ہے کہ بعض قوتوں کو ہماری ایٹمی صلاحیت ہضم نہیں ہورہی۔ یہ لوگ پاکستان کو دیوالیہ دیکھنا چاہتے ہیں۔
اسلام آباد میں مسابقتی کمیشن آف پاکستان کے ہیڈ کوارٹرز کا سنگ بنیاد رکھنے کی تقریب سے خطاب میں نائب وزیراعظم اسحاق ڈار نے کہا مافیاز نے ہمیشہ ملکی ترقی کی راہ رکاوٹیں کھڑی کیں۔ 2013 میں پاکستان کو میکرو اکنامک طور پر غیر مستحکم ملک قرار دیا گیا۔
اسحاق ڈار نے کہا کہ 2018 میں ہم دنیا کی 24 ویں معیشت اور جی 20 ممالک میں شمولیت سے صرف چند قدم پیچھے تھے کہ اس سفر کو روک دیا گیا۔ بعض قوتیں ایک بار پھر ملک کے ڈیوالیہ ہونے کے خواب دیکھ رہی ہیں جو ہم پورے نہیں ہونے دیں گے۔
نائب وزیراعظم کا کہنا تھا کہ جو آپ کے خیرخواہ نہیں وہ آپ کو ڈیفالٹ ہوتا دیکھنا چاہتے ہیں ۔ اللہ تعالیٰ نے اس ملک کو کم از کم 10 ٹریلین ڈالر کے معدنی وسائل سے مالا مال کیا ہے۔ میرا ایمان ہے کہ وہ وقت دور نہیں جب پاکستان اقوام عالم میں اپنا صحیح مقام حاصل کرے گا۔ پاکستان ایک ایٹمی اور میزائل قوت ہے۔ ہمیں صرف مضبوط معاشی طاقت کی کمی کا سامنا ہے۔
اس موقع پر چیئرمین مسابقتی کمیشن نے کہا نئی عمارت سے ادرے کی کارکردگی بہتر ہوگی ۔ کارٹلائزیشن کے خلاف مہم شروع ہو چکی۔۔ مارکیٹ انٹیلی جنس یونٹ اور سینٹر آف ایکسلنس بھی قائم کیا جا رہا ہے۔