آسٹریلیا کے جیمز ہیریسن جنہیں ’گولڈن آرم مین‘ کے نام سے جانا جاتا تھا اور جن کے بلڈ پلازما نے 24 لاکھ سے زائد بچوں کی زندگیاں بچائیں 88 سال کی عمر میں چل بسے۔
جیمز ہیریسن نیو ساؤتھ ویلز کے ایک نرسنگ ہوم میں مقیم تھے، ان کے خون میں موجود نایاب اینٹی باڈی ’اینٹی ڈی‘ نے حاملہ خواتین اور ان کے بچوں کو جان لیوا بیماری سے بچانے میں اہم کردار ادا کیا۔
ہیریسن نے 18 سال کی عمر سے بلڈ پلازما عطیہ کرنا شروع کیا اور 81 سال کی عمر تک ہر دوسرے ہفتے یہ سلسلہ جاری رکھا۔
آسٹریلین ریڈ کراس بلڈ سروس کے مطابق انہوں نے یہ عہد 14 سال کی عمر میں اپنی سینے کی سرجری کے بعد کیا جب ان کی جان خون کے عطیات سے بچی تھی۔
2005 میں انہوں نے سب سے زیادہ پلازما عطیہ کرنے کا عالمی ریکارڈ بنایا جو 2022 تک ان کے نام رہا لیکن بعد میں ایک امریکی شہری نے یہ اعزاز چھین لیا۔
ان کی وفات پر آسٹریلین ریڈ کراس نے خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ ان کی انسانیت نوازی نے دنیا بھر میں لاکھوں خاندانوں کو خوشیاں دیں۔