بھارتی کرکٹ ٹیم کے کپتان روہت شرما نے چیمپئنز ٹرافی 2025 کے سیمی فائنل میں آسٹریلیا کو ایک شاندار اور چیلنجنگ حریف قرار دیا ہے۔
سیمی فائنل سے قبل دبئی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ سیمی فائنل میں فتح کے لیے بھارتی ٹیم کو بیٹنگ اور بولنگ دونوں شعبوں میں اپنی بہترین کارکردگی دکھانا ہوگی۔
روہت شرما نے اسپنر ورون چکرورتی کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ ان کی لینتھ اور اسپیڈ میں تنوع شاندار ہے اور وہ بڑی وکٹیں لینے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ دبئی کی سست پچوں پر اسپنرز میچ کا فیصلہ کرنے میں کلیدی کردار ادا کر سکتے ہیں، ورون نہ صرف مخالف بیٹرز کے لیے مشکلات کھڑی کر سکتے ہیں بلکہ بڑے میچز میں فتح بھی دلا سکتے ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ ٹورنامنٹ سے قبل بھارتی ٹیم نے دبئی کے حالات سے ہم آہنگی کے لیے بھرپور ٹریننگ کی ہے۔
انہوں نے کہا کہ آسٹریلیا کے خلاف سیمی فائنل میں دباؤ دونوں ٹیموں پر ہوگا لیکن بھارت کو اپنی حکمت عملی پر ثابت قدم رہنا ہوگا۔
روہت نے نیوزی لینڈ کے خلاف میچ کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ بھارتی مڈل آرڈر نے دباؤ میں شاندار کارکردگی دکھائی اور اگر یہ سلسلہ جاری رہا تو دیگر حریفوں کو بھی شکست دی جا سکتی ہے۔
انہوں نے بتایا کہ دبئی میں تین میچز کے دوران مختلف حالات میں بیٹنگ اور بولنگ کے امتزاج کو آزمایا گیا جس سے ٹیم کو تیاری میں مدد ملی۔
بھارتی کپتان کا کہنا تھا کہ آسٹریلیا کے خلاف میچ ایک سنسنی خیز مقابلہ ہوگا اور فتح کے لیے پوری ٹیم کو ایک اکائی کے طور پر بہترین کھیل پیش کرنا ہوگا۔