نیپال میں 6.1 شدت کے زلزلے کے نتیجے میں متعدد افراد زخمی ہوگئے جبکہ متعدد مکانات کو نقصان پہنچا۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق گزشتہ روز آئے زلزلہ کا مرکز باگمتی صوبے کے سندھوپالچوک ضلع میں تھا ۔ زلزلے کے جھٹکے نیپال کی درالحکومت کھٹمنڈو میں بھی محسوس کئے گئے۔
امریکی جیولوجیکل سروے کے مطابق زلزلے کا مرکز 10.0 کلومیٹر کی گہرائی میں تھا، زلزلے کے جھٹکوں کے خوف سے لوگ اپنے گھروں سے باہر آگئے تھے تاہم بعد ازاں شہری اپنے گھروں کو واپس چلے گئے۔
نیپال حکام کے مطابق شدید زلزلے کے جھٹکوں سے 6 افراد زخمی ہوگئے جبکہ 7 اضلاع میں متعدد گھروں کو نقصان پہنچا۔
سنکھواسبھا میں زلزلے سے دو گھروں کو نقصان پہنچنے کی اطلاع ہے، اور تین خاندان بے گھر ہو گئے ہیں۔ حکام نے متاثرہ اضلاع میں زلزلے سے متعلق 13 واقعات ریکارڈ کیے ہیں۔