سپریم جوڈیشل کونسل نے سپریم کورٹ کے جسٹس مظاہر نقوی کو شوکاز نوٹس جاری کر دیا ہے۔
یاد رہے کہ اعلیٰ عدلیہ میں ججز کے خلاف مس کنڈکٹ کی شکایات کے معاملے پر چیف جسٹس قاضی فائز عیسٰی نے سپریم جوڈیشل کونسل کا اجلاس طلب کیا تھا۔
جمعہ کو چیف جسٹس قاضی فائز عیسٰی کی سربراہی میں ہونے والے اجلاس میں اعلیٰ عدلیہ کے ججز کے خلاف زیر التوا شکایات پر غور کیا گیا۔
ذرائع کے مطابق چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ امیر بھٹی اور چیف جسٹس بلوچستان ہائیکورٹ جسٹس نعیم اختر افغان نے بھی سپریم جوڈیشل کونسل کے اجلاس میں شرکت کی۔
ذرائع کے مطابق اجلاس میں سپریم جوڈیشل کونسل نے جسٹس مظاہر نقوی کو شوکاز نوٹس جاری کر دیا ہے۔
پاکستان بار کونسل کی جانب سے جسٹس مظاہر کی مبینہ آڈیو لیک ہونے پر ان کے خلاف ریفرنس دائر کیا گیا تھا۔
جسٹس (ر) جاوید اقبال کیخلاف ریفرنس خارج
سپریم جوڈیشل کونسل نے سابق چئیرمین نیب جسٹس (ر) جاوید اقبال کیخلاف ریفرنس بھی خارج کردیا۔
جسٹس قاضی فائزعیسٰی کی زیرصدارت ہونیوالے اجلاس میں سپریم جوڈیشل کونسل نے ریفرنس ناقابل سماعت ہونے پر خارج کیا۔
ذرائع کے مطابق فیصلے میں کہا گیا ہے کہ ریفرنس دائر ہونے کے وقت سپریم جوڈیشل کونسل انکوائری کا فورم نہیں تھا۔
خیال رہے کہ سپریم جوڈیشل کونسل کے ممبران میں چیف جسٹس پاکستان کے علاوہ جسٹس سردار طارق مسعود اور جسٹس اعجازالاحسن شامل ہیں۔