پارلیمانی سال مکمل ہونے پر صدر مملکت آصف علی زرداری کے پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس سے خطاب کی تیاریاں جاری ہیں۔ ایوان صدر نے حکومت سے گزشتہ ایک سال کی کارکردگی رپورٹ مانگ لی۔
صدر آصف زرداری اپنے خطاب میں حکومتی کارکردگی، اہم معاشی اقدامات، مقامی و عالمی امور پر اظہار خیال کریں گے۔ اپوزیشن کے ممکنہ احتجاج کے پیش نظر خطاب مختصر ہوگا۔
ذرائع کے مطابق صدر اپنے خطاب میں حکومتی کارکردگی کے اہم نکات کا احاطہ کریں گے، صدر کی تقریر میں حکومت کے اہم معاشی اقدامات اور نتائج کا بھی ذکر ہوگا، صدر مملکت کی جانب سے غریب طبقے کے لیے بعض اعلانات بھی متوقع ہے۔ ایوان صدر نے ممکنہ اعلانات کے حوالے سے بھی تفصیلات مانگ لیں۔
صدر مملکت نئے پارلیمانی سال کے آغاز پر 10 مارچ کو پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس سے خطاب میں حکومت کی طرف سے اہم اعلانات کریں گے، جن کی یقین دہانی موجودہ حکومت کے دوسرے سالانہ بجٹ میں کرائی جائے گی۔
ذرائع کے مطابق صدر مملکت آصف علی زرداری کی جانب سے تنخواہ دار اور کم آمدن طبقے کو بڑا ریلیف دینے کےلیے اہم اعلان متوقع ہے۔
آصف زرداری خطاب میں کشمیر فلسطین سمیت اہم علاقائی و عالمی امور پر بھی گفتگوکریں گے، پارلیمنٹ کا مشترکہ اجلاس 10 مارچ کو طلب کرنے کی سمری بھیجی گئی ہے۔ صدر مملکت کے خطاب کے ساتھ ہی دوسرے پارلیمانی سال کا آغاز ہوجائے گا۔