ترجمان دفترخارجہ شفقت علی خان کا کہنا ہے کہ افغانستان میں چھوڑا گیا امریکی اسلحہ بڑا خطرہ ہے۔ دہشتگرد امریکی اسلحہ پاکستان میں استعمال کررہے ہیں۔
ترجمان دفترخارجہ شفقت علی خان کی ہفتہ وار پریس بریفنگ میں امریکی اسلحہ افغانستان اور امریکا کا اندرونی معاملہ قرار دیا کہا اس ایشو پر پاکستان کوئی مؤقف نہیں دیتا۔ افغانستان مسئلے کا حل نکالنے کی کوشش کرے۔
ترجمان کا کہنا تھا کہ پاکستان بار بار افغانستان میں جدید ترین امریکی ہتھیار چھوڑنے کا معاملہ اٹھا چکا ہے کیونکہ وہ پاکستان میں دہشتگردی کے لیے استعمال ہورہے ہیں۔ پاکستان کو افغانستان میں دہشتگردوں کی محفوظ پناہ گاہوں پر بھی تحفظات ہیں۔
ترجمان دفترخارجہ کا کہنا تھا کہ پاکستان اور امریکا کے دیرینہ تعلقات ہیں۔ ایف 16 پروگرام کے حوالے سے امریکا کا فیصلہ خوش آئند ہے۔ ترجمان نے تصدیق کی کہ 8 پاکستانی امریکا سے جلاوطن ہو کر پاکستان پہنچ چکے ہیں۔ حکومت اپنے شہریوں کی واپسی میں سہولت فراہم کررہی ہے۔ جو بھی پاکستانی واپس آئیں گے انہیں قبول کیا جائے گا۔
ترجمان شفقت علی خان نے کہا کہ وہ سعودی عرب کی جانب سے پاکستانیوں پر ویزا پابندیوں سے آگاہ نہیں۔ پاکستانیوں کی ایک بڑی تعداد سعودی عرب میں مقیم ہے۔