سپریم کورٹ کے آئینی بینچ میں مبینہ انتخابی دھاندلی کی تحقیقات سے متعلق بانی پی ٹی آئی اور شیرافضل مروت کی درخواستوں پر سماعت ہوئی۔ عدالت نے فوری طور پر اعتراضات ختم کرنے کی استدعا مسترد کرتے ہوئے کیس کے میرٹ پر تیاری کے لیے وکلاء کو مہلت دے دی۔
وکلاء نے رجسٹرار آفس کے اعتراضات ختم کرکے درخواستوں کو نمبر لگانے کی استدعا کی تاہم عدالت نے یہ درخواست مسترد کر دی۔
وکیل ریاض حنیف راہی نے مؤقف اختیار کیا کہ آج صرف چیمبر اپیل سماعت کے لیے مقرر ہے جس پر جسٹس جمال مندوخیل نے ہدایت دی کہ وکلاء کیس کے میرٹ پر دلائل دیں عدالت انہیں سن لے گی۔
ریاض حنیف راہی نے مؤقف اپنایا کہ کیس کو نمبر لگا کر میرٹ پر تیاری کا وقت دیا جائے لیکن عدالت نے فوری طور پر اعتراضات ختم کرنے کی درخواست مسترد کر دی۔
عدالت نے کیس کی سماعت غیر معینہ مدت کے لیے ملتوی کر دی۔ کیس کی سماعت جسٹس امین الدین خان کی سربراہی میں پانچ رکنی بینچ نے کی۔