صدر مملکت آصف علی زرداری سے ابوظہبی کے ولی عہد شہزادہ خالد بن محمد بن زاید آل نہیان نے ملاقات کی ہے جس کے دوران دونوں رہنماؤں نے پاکستان اور متحدہ عرب امارات کے درمیان دوطرفہ تعلقات کو مزید مستحکم کرنے کے عزم کا اعادہ کیا اور کاروبار، انفراسٹرکچر، ثقافت اور عوامی روابط کو فروغ دینے کی ضرورت پر زور دیا۔
ملاقات کے دوران گفتگو کرتے ہوئے صدر مملکت نے کہا کہ پاکستان اور متحدہ عرب امارات کے درمیان تین نسلوں پر محیط گہرے عوامی اور ثقافتی تعلقات موجود ہیں۔
انہوں نے اس تاریخی رشتے کی میراث کو آنے والی نسلوں تک منتقل کرنے کی اہمیت پر زور دیا۔
آصف زرداری نے متحدہ عرب امارات کی شاندار ترقی کی تعریف کی اور پاکستان کے لیے اس کی غیر متزلزل حمایت اور مختلف شعبوں میں تعاون کو سراہا۔
انہوں نے دونوں ممالک کے درمیان قریبی اقتصادی اور تجارتی تعلقات کے فروغ کی ضرورت پر بھی روشنی ڈالی۔
ولی عہد خالد بن محمد بن زاید آل نہیان نے متحدہ عرب امارات کے پاکستان کے ساتھ تعاون بڑھانے کے عزم کا اعادہ کیا اور کہا کہ مفاہمت کی یادداشتیں دونوں ممالک کے درمیان اعتماد اور پائیدار تعلقات کی عکاسی کرتی ہیں۔
انہوں نے اس دورے کو دوطرفہ تعاون کے نئے امکانات کھولنے کا ذریعہ قرار دیا۔
صدر آصف علی زرداری نے ولی عہد کے دورے پر ان کا شکریہ ادا کیا اور انہیں پاکستان کے اعلیٰ ترین سول اعزاز "نشانِ پاکستان" سے نوازا جو دونوں ممالک کے درمیان گہرے رشتوں کی علامت ہے۔