سپریم کورٹ میں قومی گرینڈ ڈائیلاگ کے انعقاد کے لیے آئینی درخواست دائر ہوگئی۔
پشاور کے رہائشی انجینئر قاضی محمد سلیم نے سپریم کورٹ میں ایک آئینی درخواست دائر کی ہے جس میں قومی گرینڈ ڈائیلاگ کے انعقاد کا مطالبہ کیا گیا ہے۔
درخواست میں بانی پاکستان تحریک انصاف ( پی ٹی آئی ) عمران خان، مسلم لیگ ( ن ) کے قائد نواز شریف، پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری اور وزارت قانون کو فریق بنایا گیا ہے۔
درخواست گزار نے مؤقف اختیار کیا کہ سپریم کورٹ کی زیر نگرانی نیشنل گرینڈ ڈائیلاگ کا اہتمام کیا جائے تاکہ ملک کے لیے ترقی کا ایک جامع منصوبہ تیار ہو سکے۔
درخواست میں موقف اختیار کیا گیا کہ اس ڈائیلاگ سے قومی مفاہمتی منصوبہ تشکیل دیا جائے اور بانی پی ٹی آئی کو جیل سے ویڈیو لنک کے ذریعے مذاکرات میں شامل کیا جائے۔
تین بڑی سیاسی جماعتوں کے قائدین مل کر مؤثر مذاکرات کے ذریعے ملکی مسائل حل کر سکتے ہیں۔
درخواست میں یہ بھی ذکر کیا گیا کہ وزیراعظم شہباز شریف نے پی ٹی آئی کو پارلیمانی کمیٹی میں شرکت کی پیشکش کی تھی لیکن بانی پی ٹی آئی کی قید کے باعث براہ راست مذاکرات ممکن نہیں ہو سکے۔
درخواست گزار کے مطابق چیف جسٹس نے بھی سیاسی وفود سے ملاقاتیں کیں مگر کوئی ٹھوس حل سامنے نہیں آیا تاہم سپریم کورٹ کی نگرانی میں مذاکرات ہی قومی مفاہمت کا راستہ نکال سکتے ہیں۔