نائب ازبک وزیر دفاع اور کمانڈر ائیر ڈیفنس و ائیر فورس میجر جنرل بورخانوف احمد جمال نے چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی جنرل ساحرشمشاد مرزا سے ملاقات کی ہے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی جنرل ساحرشمشاد مرزا اور معزز مہمان کی ملاقات راولپنڈی میں ہوئی۔
ترجمان پاک فوج کے مطابق ملاقات میں باہمی دلچپسی کے امور اور علاقائی سیکیورٹی کی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ ملاقات میں دونوں ممالک کے درمیان عکسری تعاون بڑھانے میں دلچسپی ظاہر کی گئی۔
آئی ایس پی آر کے مطابق ازبک نائب وزیر دفاع نے دہشت گردی کیخلاف پاک فوج کی قربانیوں کی تعریف کی، جوائنٹ اسٹاف ہیڈکوارٹرز آمد پر تینوں مسلح افواج کے دستے نے مہمان کو گارڈ آف آنر پیش کیا۔
اس سے قبل نائب ازبک وزیر دفاع نے دورہ پاکستان کے موقع پر پاک فضائیہ کے سربراہ ائیر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو سے ملاقات کی، دونوں فضائی افواج کے سربراہوں نے باہمی دلچسپی امور اور دو طرفہ دفاعی تعاون کو فروغ دینے پر تبادلہ خیال کیا، ملاقات میں ازبکستان کی جانب سے پاکستان سے مزید مشاق طیارے خریدنے میں دلچسپی کا بھی اظہار کیا گیا۔