پاکستان کے دورے پر آئے ہوئے آئی ایم ایف کے تکنیکی وفد نے موسمیاتی تبدیلیوں کے لیے ترقیاتی منصوبوں کو جیو ٹیگ کرنے جنگلات اور آبی گزرگاہوں کے نزدیک تعمیرات روکنے کا مطالبہ کردیا۔
کلائمیٹ فنانسنگ کے حصول کےلیے پاکستان اور عالمی مالیاتی ادارے کی 4 رکنی تکنیکی کمیٹی کے مذاکرات کا باضابطہ آغاز ہوگیا۔ بین الاقوامی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) کے تکنیکی وفد کی صوبہ سندھ اور خیبر پختونخواہ کے حکام سے تفصیلی ملاقات ہوئی ہے جبکہ آئی ایم ایف کا وفد کل(منگل) صوبہ پنجاب اور بلوچستان کے حکام سے مذاکرات کرے گا۔
عالمی مالیاتی فنڈ کا موسمیاتی تبدیلی سےنمٹنے کیلئے ترقیاتی منصوبوں کوجیو ٹیگ کرنے اور مختص رقم کی مانیٹرنگ پر زور دیا۔ جنگلات اور آبی گزرگاہوں کے نزدیک نئی تعمیرات روکنے کا مطالبہ بھی کر دیا۔
تکنیکی ٹیم کی پنجاب اور بلوچستان کے حکام سے بات چیت آج ہوگی۔ پاکستان کو آئی ایم ایف سے ڈیڑھ ارب ڈالر ملنے کی توقع ہے۔ تکنیکی ٹیم وفاق اور صوبائی حکومتوں سے مختلف منصوبوں کیلئے تجاویز کا جائزہ لے گی۔ پاکستان کی درخواست پر 24 فروری کو آنے والا تکنیکی جائزہ مشن 28 فروری تک قیام کرے گا۔
ذرائع کے مطابق عالمی مالیاتی ادارے کی ٹیم نے کہا متعلقہ ترقیاتی منصوبے جیو ٹیگ کیے جائیں ۔ مختلف منصوبوں میں موسمیاتی تبدیلیوں کے اثرات کے حوالے سے مختص رقم کی مانیٹرنگ کی تجویز دی ، جنگلات اور آبی گزرگاہوں کے نزدیک نئی تعمیرات روکنے کا مطالبہ کردیا، نئی تعمیرات میں روشنی اور ہوا کا بہترین استعمال یقینی بنانے کی بات بھی کردی۔