انٹرنیشنل مانیٹری فنڈ ( آئی ایم ایف ) کا کہنا ہے کہ پاکستان کے ساتھ تعاون آگے بڑھانے کے لئے پرامید ہیں۔
آئی ایم ایف مشن کے حالیہ دورہ پاکستان کا اعلامیہ جاری کردیا گیا ہے جس کے مطابق مانیٹری فنڈ کی جانب سے گورنننس اور کرپشن کی روک تھام کیلئے پاکستان کے اقدامات کی تعریف کی گئی ہے۔
اعلامیہ کے مطابق حکومت پاکستان کی سنجیدگی اورعزم قابل ستائش ہے اور پاکستان کے ساتھ تعاون کو آگے بڑھانے کے لیے پُراُمید ہیں جبکہ آئی ایم ایف ٹیم رواں سال کے آخر میں دوبارہ پاکستان کا دورہ کرے گی۔
اعلامیہ میں کہا گیا کہ ٹیم گورننس ، شفافیت اور اقتصادی نتائج کی بہتری کے مواقع تلاش کرنے کیلئے دورہ کرے گی۔
اعلامیہ میں مزید کہا گیا کہ آئی ایم ایف ٹیم حتمی جائزے کی تیاری میں مدد حاصل کرنے کے لیے پاکستان آئے گی اور آئی ایم ایف مشن نے 6 فروری سے 14 فروری تک پاکستان کا دورہ کیا۔