متحدہ عرب امارات ( یو اے ای ) کے سفارت خانے کی جانب سے ویزے کے حصول کے لیے ہدایات جاری کردی گئیں۔
یو اے ای کے سفارت خانہ کے ترجمان کے مطابق متحدہ عرب امارات کے ویزے کے خواہشمندوں کے لیے ہدایات دوبارہ جاری کی جارہی ہیں جن کے مطابق درخواست دہندگان کے لیے ویزا پراسیسنگ فیس 69 امریکی ڈالرز فی کس ہے جبکہ ملازمت ویزے کو چھوڑ کر باقی تمام کیٹگری کیلئے درخواست گزار کو خود آن لائن اپلائی کرنا ہوگا۔
ترجمان کے مطابق ویزوں کی دیگر کیٹگری میں وزٹ، سیاحتی اور فیملی ویزا شامل ہے اور ویزا اپلائی کرنے کے بعد درخواست دہندہ کو طلبی کا نوٹیفکیشن بھیجا جائے گا جبکہ درخواست دہندہ کو ویزا ایپلیکیشن دستاویز کا ثبوت ساتھ رکھنا ہوگا۔
ترجمان کے مطابق درخواست دہندہ کو اپنی، والدین اور اسپانسر کی 6 ماہ کی تصدیق شدہ بینک اسٹیٹمنٹ دکھانا ہوگی اور تصدیق شدہ بینک اسٹیٹمنٹ میں 5 ہزار امریکی ڈالرز یا مساوی رقم ہونا ضروری ہے جبکہ ہوٹل بکنگ،گھر، احباب یا رشتہ دار کے گھر کی دستاویز بھی ساتھ لانا ہوں گی اور سفارت خانے یا ویزا سینٹر آتے ہوئے کنفرم ریٹرن ایئر ٹکٹ بھی لانا ہوگا۔
درخواست گزار کو اصلی قومی شناختی کارڈ یا پاسپورٹ بھی ساتھ لانا ہوگا اور قومی شناختی کارڈ یا پاسپورٹ کا کم از کم 6 ماہ کے لیے موثر ہونا ضروری ہے۔
69 امریکی ڈالرز فی ویزا درخواست بینک اکاؤنٹ میں جمع کرانا لازمی ہے اور جمع شدہ ویزا فیس کی اصلی رسید سفارت خانہ یا ویزا سینٹر لازمی ساتھ لائیں۔
5 برس سے کم عمر بچوں کے لیے ویزا سینٹر آنا ضروری نہیں اور 6 سے 15 برس کے بچوں کی تصویر ویزا سینٹر میں ہی لی جائیں گی جبکہ 15 برس یا بڑی عمر کے بچوں کا ویزا سینٹر آنا ضروری ہوگا اور 15 برس سے زائد عمر کے بچوں کا سارا عمل بالغ افراد کی طرح ویزا سینٹر میں ہی ہو گا۔
5 سال سے زائد العمر افراد کا ویزا سینٹر میں بائیو میٹرک اور ویزا پراسیس ہوگا۔