وفاقی وزیر پیٹرولیم نے آئل سیکٹر کو اوپن کرنے کا اعلان کر دیا۔ مصدق ملک کہتے ہیں حکومت انرجی سیکٹر میں 3 شعبوں پر کام کررہی ہے، عوام کو سستی توانائی کی فراہمی اولین ترجیح ہے، توانائی کی مقامی پیداوار پر توجہ مرکوز ہے۔ انہوں نے بتایا کہ ہمارے پاس گیس اور تانبے کے بڑے ذخائر موجود ہیں، ٹائٹ گیس پالیسی تیار کرلی گئی ہے۔
وفاقی وزیر پیٹرولیم نے کہا کہ ابتدائی طور پر پرائس کیپ کے ساتھ آئل سیکٹر کو ڈی ریگولیٹ کر رہے ہیں، آئل مارکیٹنگ کمپنیاں مسابقت کے ذریعے زیادہ سے زیادہ مارکیٹ شیئر حاصل کرنے کیلئے سستا پیٹرول اور ڈیزل بیچیں گی جس سے غریب آدمی کا فائدہ ہوگا۔
وفاقی وزیر پیٹرولیم مصدق ملک نے اسلام آباد میں پیٹرولیم کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ انرجی سیکٹر میں 3 شعبوں پر کام کررہے ہیں، توانائی کی مقامی پیداوار پر زیادہ فوکس کررہے ہیں، ہم نے 40 سال بعد 40 بلاکس آف شور میں آکشن کیے ہیں، ہمارے پاس شیل گیس ذخائر ہیں ہم نے ٹائٹ گیس پالیسی تیار کرلی۔
انہوں نے بتایا کہ آن شور اور آف شور پر بھی مراعات دیں گے، ہمارے پاس تانبے کے بھی بڑے ذخائر ہیں۔
وزیر پیٹرولیم نے مزید کہا کہ بایو فیول کی پالیسی بھی جلد آرہی ہے اور ٹائٹ گیس پالیسی بھی آئندہ مشترکہ مفادات کونسل کے اجلاس سے منظور ہوجائے گی۔