اسلام آباد میں ایک بین الاقوامی سیمینار کا انعقاد کیا گیا، جس میں سفارت کاروں، ماہرین اور عوام کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ پاکستان چائنا انسٹی ٹیوٹ کے زیر اہتمام منعقدہ اس سیمینار کے اختتامی اجلاس ایوان صدر میں ہوا ، جہاں صدر پاکستان نے شرکاء سے خطاب کیا۔
اجلاس کے دوران ماہرین نے زور دیا کہ پاکستان کی جغرافیائی اہمیت اسے علاقائی معاشی خوشحالی کا ممکنہ ذریعہ بناتی ہے۔۔ شرکاء نے چائنا پاکستان اکنامک کوریڈور (سی پیک) کو ایک گیم چینجر قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ منصوبہ نہ صرف پاکستان بلکہ پورے خطے میں معاشی ترقی اور استحکام لائے گا۔
اس موقع پر ماہرین نے گوادر پورٹ اور ڈیجیٹل ٹیکنالوجی کے ذریعے پاکستان کے عالمی تجارت میں اہم کردار ادا کرنے کی صلاحیت کو اجاگر کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کی اسٹریٹجک لوکیشن اسے مشرق اور مغرب کے درمیان پل کا کردار ادا کرنے کے لیے بہترین بناتی ہے۔
ماہرین نے مزید کہا کہ پاکستان میں سرمایہ کاری، ٹرانسپورٹ، تجارت اور ٹیکنالوجی کے شعبوں میں بے شمار نئے مواقع پیدا ہو رہے ہیں، جو ملکی معیشت کے استحکام میں مددگار ثابت ہوں گے۔





















