پاکستانی شہری اب ازبکستان میں ملازمت حاصل کرنے کے لیے ورک ویزا حاصل کر سکتے ہیں، کیونکہ حکومت پاکستان نے ازبکستان میں پاکستانیوں پر عائد پابندی ختم کر دی ہے۔
بیورو آف امیگریشن اینڈ اوورسیز ایمپلائمنٹ کی جانب سے جاری کردہ سرکلر میں بتایا گیا کہ پاکستانی سفارتخانے، تاشقند نے ازبکستان میں پاکستانیوں پر عائد پابندی ختم کرنے کی سفارش کی تھی، جسے غور و خوض کے بعد ختم کر دیا گیا ہے۔
بیورو آف امیگریشن کے مطابق، تمام پروٹیکٹوریٹ دفاتر کو ہدایت دی گئی ہے کہ وہ ازبکستان میں ملازمت حاصل کرنے کے خواہشمند پاکستانیوں کی رجسٹریشن کا عمل فوری طور پر بحال کریں۔
ورک ویزا کے لیے پروٹیکٹر کی شرط
ازبکستان میں ملازمت کے لیے جانے والے پاکستانی شہریوں کو بیرون ملک روانگی سے قبل اپنا ویزا پروٹیکٹ کرانا ہوگا۔
پروٹیکٹر حاصل کرنے کے فوائد:
قانونی تحفظ حاصل ہوگا
پاکستان کے سفارتی مشنز سے مکمل معاونت دستیاب ہوگی
تمام قانونی حقوق کی ضمانت دی جائے گی
ازبکستان ورک ویزا کے لیے پروٹیکٹر فیس
بیورو آف امیگریشن اینڈ اوورسیز ایمپلائمنٹ نے پروٹیکٹر فیس کے لیے دو مختلف کیٹیگریز متعارف کرائی ہیں:
اوورسیز ایمپلائمنٹ پروموٹر کے ذریعے ملازمت حاصل کرنے والے امیدواروں کے لیے فیس: 22,200 روپے
(اضافی 6,000 روپے پروسیسنگ فیس کے طور پر وصول کیے جائیں گے)
براہ راست ملازمت حاصل کرنے والے امیدواروں کے لیے پروٹیکٹر فیس: 9,200 روپے
(اس میں 4,000 روپے اوورسیز پاکستانیز فاؤنڈیشن فنڈ، 2,500 روپے انشورنس پریمیم، 2,500 روپے رجسٹریشن فیس اور 200 روپے او ای سی فیس شامل ہے)