مشعل پاکستان نے پاکستان ریفارمز رپورٹ 2025ء جاری کردی، جس میں پالیسی سازی میں شفافیت کو اہم قرار دیتے ہوئے کہا گیا ہے کہ پاکستان غیرمعمولی تبدیلی کے عمل سے گزر رہا ہے۔
مشعل پاکستان نے پاکستان ریفارمز رپورٹ 2025ء جاری کر دی، مشعل پاکستان، ورلڈ اکنامک فورم کے ’’نیواکنامک اینڈ سوسائٹیز پلیٹ فارم‘‘ کا کنٹری پارٹنر ہے۔
رپورٹ کے مطابق پاکستان غیرمعمولی تبدیلی کے عمل سے گزر رہا ہے، تبدیلی کی بنیاد 2024ء میں متعارف کروائی گئی حکومتِ کی وسیع اصلاحات ہیں، صرف 12 ماہ کے عرصے میں 100 سے زائد اصلاحات نافذ کی گئی ہیں۔
مشعل رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ اصلاحات رفتار اور وسعت کے لحاظ سے بے مثال ہیں، رپورٹ کا مقصد حکومت کی اصلاحاتی پیشرفت کو ایک منظم طریقے سے محفوظ کرنا ہے۔
رپورٹ میں مشعل پاکستان کا کہنا ہے کہ مستقبل میں تحقیق اور تجزیہ کرنیوالے افراد کو جامع اور مفصل ریکارڈ فراہم کرنا بھی مقصد ہے۔
رپورٹ میں پالیسی سازی کے تیزی سے بدلتے ہوئے منظرنامے میں شفافیت کو اہم قرار دیا گیا ہے۔
رپورٹ میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ باخبر فیصلہ سازی کے فروغ کیلئے اصلاحات سے متعلق معلومات تک رسائی بھی انتہائی اہم ہے، ایسا کرکے ہی شراکت داروں کی شمولیت کو یقینی بنایا جاسکتا ہے، شفافیت سے ہی مستقبل کی حکمرانی کیلئے مؤثر حکمتِ عملی وضع کی جاسکے گی۔