آئی سی سی چیمپینز ٹرافی 2025 کے سلسلے میں کرکٹ ٹور پر فیملیز کےلیے بھارتی کرکٹ بورڈ کی نئی پالیسی پر عملدرآمد شروع ہوگیا۔
بھارتی میڈیا کا کہنا ہے کہ چیمپئنز ٹرافی میں بھارتی ٹیم کے کھلاڑی اہل خانہ کے بغیر متحدہ عرب امارات (یو اے ای) جائیں گے، کوئی بھی کھلاڑی اپنے ساتھ اہل خانہ کو لے کر نہیں جائے گا۔
بھارتی ٹیم چیمپئنز ٹرافی میں شرکت کےلیے 15 فروری کو دبئی جائے گی۔ بھارتی بورڈ کی کھلاڑیوں کی نئی فیملی پالیسی کے مطابق 45 دن سے زیادہ کے ٹور کے دوران کھلاڑیوں کے ساتھ 2 ہفتے تک اہل خانہ رہ سکتے ہیں۔
بی سی سی آئی عہدیدار کا کہنا تھا کہ سینئر کھلاڑی نے پالیسی کا پوچھا تو انہیں جواب ملا کہ پالیسی کے مطابق ہی چلیں گے۔ ایک مہینے سے کم دورانیے کے دوران اہلِ خانہ کے ساتھ ٹور کرنے کی اجازت نہیں ہے۔
واضح رہے کہ بی سی سی آئی نے نئی فیملی پالیسی آسٹریلیا کے خلاف بارڈر گواسکر ٹرافی کے بعد بنائی تھی۔