روس اور امریکا کے درمیان ایک اور قیدیوں کے تبادلے کا معاہدہ طے پایا ہے جس کے تحت امریکی شہری مارک فوگل کو رہا کر دیا گیا۔
امریکی حکام کے مطابق مارک فوگل روس سے امریکا پہنچ چکے ہیں جہاں ان کا باضابطہ استقبال کیا گیا ہے مارک فوگل پیشے کے اعتبار سے ایک اسکول ٹیچر ہیں اور انہیں روس میں ممنوعہ ادویات رکھنے کے الزام میں گرفتار کیا گیا تھا۔
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے مارک فوگل کی رہائی کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ انسانی حقوق اور سفارتی کوششوں کی ایک بڑی کامیابی ہے۔
واضح رہے کہ مارک فوگل کو 2021 میں روسی حکام نے ماسکو کے ایئرپورٹ پر حراست میں لیا تھا، جہاں ان کے سامان سے مبینہ طور پر طبی مقاصد کے لیے استعمال ہونے والی ممنوعہ چرس برآمد ہوئی تھی روسی عدالت نے انہیں طویل قید کی سزا سنائی تھی جس پر امریکا نے شدید احتجاج کیا تھا۔
اس سے قبل بھی امریکا اور روس کے درمیان کئی بار قیدیوں کا تبادلہ ہو چکا ہے، جس میں نمایاں طور پر امریکی باسکٹ بال کھلاڑی برٹنی گرائنر اور روسی اسلحہ ڈیلر وکٹر باؤٹ کا تبادلہ شامل ہے۔