عرب ممالک نے فلسطینیوں کی بے دخلی کا ٹرمپ منصوبہ مسترد کر دیا۔
اردن کے شاہ عبداللہ نے امریکی صدر سے ملاقات میں غزہ جنگ بندی پر تبادلہ خیال کیا۔ شاہ عبداللہ نے فلسطینیوں کی نقل مکانی مسترد کرنے کا اعادہ کیا اور دو ریاستی حل کی بنیاد پر زور دیا۔
امریکی صدر سے ملاقات کے بعد شاہ عبداللہ کا کہناتھا اردن اپنے مفاد کو سامنے رکھ کر غزہ کا فیصلہ کرے گا ۔ مصر نے بھی ایک بار پھر ڈونلڈ ٹرمپ کے متنازع بیان کی مذمت کردی ۔
مصری صدر عبدالفتاح السیسی نے دورہ امریکا ملتوی کردیا ۔ مصری صدر نے 18 فروری کو امریکا جاناتھا ۔ مصر نے غزہ کی تعمیر نو کیلئے منصوبہ پیش کرنے کا بھی اعلان کیا ہے ۔ مصری وزارت خارجہ کار کہنا ہے کہ بے دخلی کے بغیر بھی تعمیر نو کیلئے قابل عمل پلان موجود ہے۔
سعودی کابینہ نے بھی فلسطینیوں کی جبری بے دخلی کو مسترد کردیا ۔ سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کی زیرصدارت کا بینہ کے اجلاس میں فلسطینیوں سے متعلق اسرائیل کے انتہاپسندانہ بیانات کی مذمت کی گئی ۔ سعودی کابینہ نے کہا فلسطینیوں کی جبری بے دخلی کا کوئی منصوبہ قبول نہیں ۔ فلسطین کا مسئلہ سعودی عرب کیلئے اہمیت کا حامل ہے ۔ دو ریاستی حل خطے میں امن کے حصول کا واحد راستہ ہے۔