شام کے عبوری صدر احمد الشارع نے کہا ہے کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا فلسطینیوں کو بے گھر کرنے اور غزہ پر قبضہ کرنے کا منصوبہ ایک سنگین جرم ہے جو بالآخر ناکام ہو جائے گا۔
حیات تحریر الشام گروپ کے سربراہ اور شام کے عبوری صدر احمد الشارع نے ایک برطانوی پوڈ کاسٹ کو انٹرویو دیتے ہوئے کہا ہے کہ مجھے یقین ہے کہ کوئی طاقت لوگوں کو ان کی سرزمین سے نہیں نکال سکتی اور بہت سے ممالک نے ایسا کرنے کی کوشش کی ہے لیکن وہ سب ناکام رہے ہیں۔
احمد الشارع کا کہنا تھا کہ غزہ تنازعے کو 80 سال سے زیادہ ہو چکے ہیں اور فلسطینیوں کو بے دخل کرنے کی تمام کوششیں ناکام رہی ہیں جبکہ جو لوگ گئے انہیں اپنے فیصلے پر پچھتاوا ہوا۔
یاد رہے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے گزشتہ روز اپنے ایک انٹرویو میں کہا تھا کہ ہم غزہ کو دنیا کی خوبصورت ترین جگہوں میں سے ایک بنائیں گے اور میرے منصوبے کو مستقبل کی سرمایہ کاری کے طور پر سمجھیں۔
ٹرمپ کا کہنا تھا کہ غزہ میں فلسطینیوں کو واپس آنے کا کوئی حق حاصل نہیں ہوگا اور ہم مکمل کنٹرول سنبھالیں گے۔
واضح رہے کہ ڈونلڈ ٹرمپ نے 4 فروری کو پہلی بار اپنے غزہ سے متعلق پلان کا اعلان کیا تھا جس پر مختلف ممالک کی جانب سے سخت ردعمل سامنے آیا تھا اور فلسطینیوں نے منصوبے کو مسترد کردیا تھا۔





















