ہنی ٹریپ ، اغواء برائے تاوان اور شوٹرز سمیت منظم گینگز کےخاتمے کےلیے پنجاب حکومت نے کرائم کنٹرول ڈیپارٹمنٹ بنانے کا فیصلہ کرلیا۔ وزیر اعلی پنجاب نے منظوری دیدی۔ ایڈیشنل آئی جی سہیل ظفر چٹھہ سی سی ڈی کو ہیڈ کریں گے۔
پولیس حکام کے مطابق پنجاب میں سی سی ڈی کا ہیڈ کوارٹر قربان پولیس لائنز لاہور میں قائم کیا جائے گا۔ 4 ہزار سے زائد کرائم فائٹر پولیس آفیسر اور اہلکار سی سی ڈی میں تعینات ہوں گے۔
وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز نے کرائم کنٹرول ڈیپارٹمنٹ کے قیام کے منظوری دیدی ہے۔ کرائم کنٹرول ڈیپارٹمنٹ صوبے میں ہرجگہ کارروائی اور چالان عدالتوں میں جمع کروانے کا اختیار بھی رکھے گا۔ حکام کا دعوی ہے کہ سی سی ڈی کے قیام سے جرائم کی شرح میں نمایاں کمی آئے گی۔