پشاور میں رمضان المبارک سے قبل ہی منافع خوروں نے تیاریاں کرلیں، چینی کی قیمت میں گنے کی کرشنگ سیزن کے باوجود اضافہ ہوگیا، ایک ماہ میں اب تک چینی کی فی کلو قیمت 20 روپے تک بڑھ چکی ہے۔
رام پورہ تھوک مارکیٹ پشاور میں چینی وافر مقدار میں موجود ہے مگر اس کے نرخ اوپر جارہے ہیں، چینی کی 50 کلو بوری کے نرخ ایک ماہ میں 6500 روپے سے بڑھتے بڑھتے 7400 روپے تک پہنچ گئے، فی کلو چینی کے نرخ 20 روپے اضافے سے 150 روپے تک پہنچ گئے۔
تاجر قیمتوں میں اضافے کا ملبہ گنے کی کم پیداوار اور چینی ایکسپورٹ ہونے پر ڈال رہے ہیں۔
رمضان سے قبل چینی کے نرخوں میں اضافے سے شہری پریشان ہیں، حکومت سے چینی مہنگی ہونے کا نوٹس لینے کا مطالبہ کردیا۔
پشاور ضلعی انتظامیہ نے چینی کے نرخ 145 روپے کلو مقرر کئے ہیں تاہم اس نرخ پر یہ کہیں دستیاب نہیں ہے۔