امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے بین الاقوامی فوجداری عدالت ( آئی سی سی ) پر پابندیاں عائد کرنے کا فیصلہ کرلیا۔
برطانوی خبر رساں ایجنسی کے مطابق وائٹ ہاؤس کا کہنا ہے کہ ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے بین الاقوامی فوجداری عدالت پر پابندیاں عائد کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے اور وہ اس حوالے سے آج ایگزیکٹو آرڈر پر دستخط کریں گے۔
امریکی صدر کا یہ حکم ایسے افراد اور ان کے خاندان پر مالی اور ویزا پابندیاں عائد کرے گا جو امریکی شہریوں یا اتحادیوں کے بارے میں آئی سی سی کی تحقیقات میں مدد کرتے ہیں ۔
ٹرمپ کا یہ اقدام غزہ میں اسرائیل کے حملوں پر وزیراعظم نیتن یاہو اور ان کے سابق وزیردفاع کے وارنٹ گرفتاری جاری کرنے کے جواب میں کیا جا رہا ہے ۔
یاد رہے کہ بین الاقوامی فوجداری عدالت کی جانب سے اسرائیلی وزیر اعظم نیتن یاہو اور سابق اسرائیلی وزیر دفاع یواف گیلنٹ کے جنگی جرائم کے ارتکاب کے الزام میں وارنٹ گرفتاری جاری کیے گئے تھے۔