وزیراعظم شہبازشریف کا کہنا ہے کہ حکومت کا کام کاروبار کرنا نہیں بلکہ کاروبار اور سرمایہ کاری کے لیے پالیسیاں اور سہولیات فراہم کرنا ہے۔
وزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت سرکاری اداروں کی نجکاری اور نگرانی کے لیے بنائے گئے ٹاسک مینجمنٹ سسٹم کا جائزہ اجلاس ہوا۔ وزیراعظم نے نجکاری کاعمل تیزکرکےمعینہ مدت میں تکمیل یقینی بنانےکی ہدایت کردی۔
وزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت سرکاری اداروں کی نجکاری اور نگرانی کے لیے بنائے گئے ٹاسک مینجمنٹ سسٹم کے جائزہ اجلاس میں وفاقی وزراء عبدالعلیم خان۔ محمد اورنگزیب، رانا تنویر حسین، احد خان چیمہ اور دیگر حکام شریک ہوئے۔ اجلاس میں وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان کی ترقی کے لیے سب کو مل کر کام کرنا ہوگا۔انہوں نے کہا کہ عوام کے قیمتی وسائل ضائع کرنے والے اداروں میں مزید نقصان کی اجازت نہیں دی جائے گی۔
وزیراعظم نے واضح کیا کہ ملکی اداروں کی نجکاری حکومت کے اڑان پاکستان اقدام کا حصہ ہے اور حکومت کا کام کاروبار کرنا نہیں بلکہ کاروبار اور سرمایہ کاری کے لیے پالیسیاں اور سہولیات فراہم کرنا ہے۔وزیراعظم نے ہدایت کی کہ نجکاری کے عمل کو معینہ مدت میں مکمل کرنے کے لیے شفافیت پر سمجھوتہ کیے بغیر اسے تیز کیا جائے۔
اجلاس میں نجکاری کے عمل کی نگرانی کے لیے بنائے گئے ٹاسک مینجمنٹ ڈیش بورڈ کا بھی جائزہ لیا گیا اور وزیراعظم کو بریفنگ دی گئی کہ وفاقی اداروں کی نجکاری کو تین مراحل میں تقسیم کیا گیا ہے۔ پہلے مرحلے میں دس۔ دوسرے میں تیرہ جبکہ تیسرے مرحلے میں باقی اداروں کی نجکاری یقینی بنائی جائے گی۔