پاک فوج اور فرنٹیئر کور نارتھ کی جانب سے مہمند، باجوڑ، چترال، دیر، سوات، خیبر اور ضلع اورکزئ میں یوم یکجہتی کشمیر کے حوالے خصوصی تقریبات کا اہتمام کیا گیا۔
اس سلسلہ میں ان اضلاع کے مختلف سکولوں میں تقریبات میں طلباء اور طالبات کی جانب سے تقریروں اور ٹیبلوز کے ذریعہ کشمیریوں کو زبردست انداز خراج تحسین پیش کیا گیا۔
اس اہم دن کے موقع پر خصوصی ریلیوں کا انعقاد بھی کیا گیا جس میں پاک فوج، فرنٹیئر کور نارتھ اور ضلعی انتظامیہ کے حکام سمیت طلباء و طالبات، مقامی عوام اور اور زندگی کے مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والے افراد نے شرکت کی اور کشمیر کی آزادی کے حوالے سے نعرہ بازی کی۔
ریلیوں میں شرکاء کی جانب سے مختلف بینرز کے ذریعہ کشمیریوں کی آزادی کے لئے کاوشوں پر ان کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کیا گیا۔ اس موقع پر خصوصی دعائیہ تقریبات کا بھی اہتمام کیا گیا ہے جس میں کشمیری شہداء اور غازیوں کے لئے دعائیں کی گئیں۔
یوم یکجہتی کشمیر کے حوالے سے ان تمام اضلاع میں خصوصی تقریبات کا اہتمام پورا دن جاری رہا۔ جس میں ان اضلاع سے تعلق رکھنے والے نوجوانوں نے بھی خصوصی طور پر شرکت کی۔