سندھ کے ضلع حیدرآباد کے تمام تھانوں کے اسٹیشن ہاؤس آفیسرز ( ایس ایچ اوز ) کی جانب سے احتجاجاً چھٹیوں کی درخواست دے دی گئی۔
حیدرآباد میں وکلا کے احتجاج کے بعد پولیس افسران دلبرداشتہ ہوگئے اور ایس پی ہیڈ کوارٹرز سمیت تمام افسران و اہلکاروں نے احتجاجاً چھٹی کی درخواست دے دی ہے جبکہ ڈی آئی جی نے درخواستوں کو مسترد کرتے ہوئے افسران کو اپنی اپنی ڈیوٹی پر جانے کا حکم دے دیا ہے۔
چھٹی کی درخواست دینے والے ایس ایچ اوز نے موقف اختیار کیا کہ وکلا کی جانب سے ناجائز مطالبات منوانے کیلئے ایس ایس پی آفس میں دھرنا دیا گیا اور ان کی دھمکیوں اور گالیوں سے پولیس کا امیج متاثر ہوا جبکہ محمکے کی تذلیل کی گئی۔
تاہم ڈی آئی جی طارق رزاق دھاریجو نے ایس ایس پی آفیس پہنچ کر تمام درخواستوں کو مسترد کردیا اور تمام افسران کو اپنی ڈیوٹی پر جانے کی ہدایت کی ہے۔
ڈی آئی جی طارق رزاق کی جانب سے کہا گیا کہ جو بھی ہوا ہے اس کے لئے قانونی راستے موجود ہیں جو ہم استعمال کریں گے۔
بعدازاں، تمام تھانوں کے ایس ایچ اوز ڈی آئی جی کے حکم پر اپنے اپنے تھانوں کی طرف روانہ ہو گئے۔
یاد رہے کہ بدھ کے روز وکلا نے ایس ایس پی آفس میں دھرنا دیا تھا اور مقدمہ واپس لینے کی یقین دہانی پر احتجاج ختم کیا تھا۔