وزارت مذہبی امور کے مطابق رواں سال پاکستانی حاجیوں کیلئے حج اخراجات میں 50 ہزار روپے تک کمی ہوگئی ہے۔
وزارت مذہبی امور کی جانب سے جاری پریس ریلیز کے مطابق لانگ پیکیج میں تیسری قسط کے 4 لاکھ 50 ہزار روپے ادا کرنا ہوں گے۔
وزارت مذہبی امور نے کہا ہے کہ 40 دنوں پر محیط لانگ حج پیکیج کے اخراجات 25 ہزار کی کمی کے ساتھ 10 لاکھ 50 ہزار روپے مقرر کر دیئے گئے ہیں۔
رپورٹ کے مطابق 25 دنوں پر محیط شارٹ حج پیکیج کے 50 ہزار روپے کی مزید کمی کے ساتھ 11 لاکھ روپے مقرر کیے گئے ہیں، جبکہ شارٹ حج پیکیج کی تیسری قسط 5 لاکھ روپے ہوگی۔
تیسری قسط نامزد بینکوں میں 6 فروری تا 14 فروری جمع کروانا لازم ہے، ہر عازم حج کو اس کی اطلاع موبائل ایپ ’پاک حج‘ پر مل جائے گی۔
بیان کے مطابق سال 2024 کے حجاج کرام کو پونے 5 ارب روپے سے زائد رقم واپس کی جارہی ہے، رقوم کی واپسی کی سات مختلف کیٹگریاں ہیں، رقم میں فرق کی وجہ منیٰ زون، مکہ رہائش، مکتب سی میں اخراجات کی کمی ہے، نیز قربانی ریفنڈ اور فضائی کرایوں میں بچت کا فائدہ بھی حجاج کرام کو دیا جارہا ہے۔
سال 2024 کے 14 فیصد (9588) حجاج کرام کو 20 ہزار روپے بینک اکاونٹس میں منتقل کئے جارہے ہیں، پانچ فیصد (3358) حجاج کرام کو 35 ہزار روپے دیئے جائیں گے، 19 فیصد (12981) حجاج کرام کو 50 ہزار روپے، 23 فیصد (16037) حجاج کرام کو 75 ہزار روپے، 26 فیصد (17828) حجاج کرام کو 90 ہزار روپے، 10 فیصد (6784) حجاج کرام کو 1 لاکھ 10 ہزار روپے، جبکہ 3 فیصد (2228) حجاج کرام کو ایک لاکھ 40 ہزار روپے متعلقہ بینک برانچ کے ذریعے واپس ملیں گے۔
وزارت مذہبی امور نامزد بینکوں میں جلد ہی حاجیوں کی اضافی رقم کی منتقلی شروع کردے گی۔