ہندوستان کے ہیڈ کوچ گوتم گمبھیر کا کہنا ہے کہ چیمپئنز ٹرافی 2025 میں روہت شرما اور ویرات کوہلی کا اہم کردار ہوگا۔
ہفتے کو بی سی سی آئی کے سالانہ ایوارڈز کی تقریب میں گفتگو کرتے ہوئے بھارتی ہیڈ کوچ گوتھم گمبھیر نے کپتان روہت شرما اور سٹار بیٹر ویرات کوہلی کی حمایت میں اہم بیان جاری کرتے ہوئے کہا کہ ان دونوں چیمپئنز ٹرافی میں اہم کردار ہوگا۔
خیال رہے کہ روہت اور کوہلی آخری بار بارڈر گواسکر ٹرافی میں ان ایکشن ہوئے تھے جہاں روہت نے 3 ٹیسٹ میچوں میں 31 رنز بنائے تھے اور ویرات نے 5 ٹیسٹ میچوں میں 190 رنز بنائے تھے۔
گوتم گمبھیر کا کہنا تھا کہ میرے خیال میں روہت اور ویرات دونوں ہی ڈریسنگ روم میں بہت زیادہ اہمیت رکھتے ہیں اور انہیں چیمپیئنز ٹرافی میں بہت بڑا کردار ادا کرنا ہے۔
گمبھیر کا کہنا تھا کہ میں پہلے بھی کہہ چکا ہوں کہ دونوں کھلاڑی ملک کے لیے کھیلنا چاہتے ہیں اور ان میں ملک کے لیے کھیلنے اور ملک کے لیے ڈیلیور کرنے کا جذبہ ہے۔
پاکستان اور بھارت کے درمیان شیڈول میچ سے متعلق بھارتی ہیڈ کوچ کا کہنا تھا کہ ہم چیمپئنز ٹرافی میں یہ سوچ کر نہیں جارہے کہ 23 تاریخ ہمارے لیے سب سے اہم ہے، میرے خیال میں پانچوں میچز اور تمام گیمز اہم ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ اور اس سے بھی اہم بات میں سمجھتا ہوں کہ جب دونوں ملک بھارت اور پاکستان ایک دوسرے کے خلاف کھیلتے ہیں تو ظاہر ہے کہ جذبات واقعی بہت زیادہ ہوتے ہیں لیکن آخر کار مقابلہ مقابلہ ہی رہتا ہے۔
یاد رہے کہ چیمپئنز ٹرافی 2025 19 فروری سے شروع ہوگی اور پاک، بھارت ٹاکرا 23 فروری کو دبئی میں ہوگا۔